دودھ و گوشت کی بہترین پیداوار کے حصول سے تیار ہونے والی مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے،ڈاکٹر انعام علی اطہر

158
milk and meat
milk and meat

سیالکوٹ۔31مئی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب لائیو سٹاک فارمرز کو دودھ و گوشت کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے تمام ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تا کہ گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ سمیت معاشی ترقی و اقتصادی استحکام میں معاون ثابت ہوسکیں اور ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی دودھ و گوشت اور اس سے تیار ہونے والی دیگر مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرنے بتایا کہ جانوروں خصوصاً دودھ دینے والے مویشیوں کو تازہ چارہ اور وافر مقدار میں پانی کی فراہمی اشد ضروری ہے کیونکہ اس سے جہاں مویشیوں کو کئی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے وہیں دودھیل جانوروں کی دودھ کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہے جبکہ اس عمل سے جانوروں کی بہتر افزائش نسل بھی ہوسکتی ہے۔