راولپنڈی ۔22جون (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پانی بحران کا جلد خاتمہ ہوگا،نئے ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے ،کینٹ وشہر میں زیر زمین پانی کے ٹینک تعمیر ہونے سے روزانہ لاکھوں گیلن پانی میسر ہوگا،راولپنڈی کے تاجروں نے ملکی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے ،فوڈ کا کاروبار کرنے والے تاجروں کو درپیش تمام مسائل کا فوری حل کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی نے اپنے دفتر میں ریسٹورنٹس کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری کی سربراہی میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ حاجی نعیم اور چئیرمین حاجی ممتاز احمد کی جانب سے ملک ابرار کو مبارکباد کا پیغام دیا گیا جبکہ سینیر نائب صدر چوہدری زاہد محمود ، سینئر نائب صدر چوہدری محمد امتیاز ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ہاشم اعجاز بٹ ، سنئیر نائب صدر حذیفہ انصر ، ایگزیکٹو ممبر راجہ عابد محمود ، ایگزیکٹو ممبر چوہدری خالد محمود ، نائب صدر سردار اعجاز ولائیت ، نائب صدر قدیر عباسی ، نائب صدر چوہدری شہروز ، نائب صدر شیخ محمد عرفان ، ایگزیکٹو ممبر محمد شہروز ، نائب صدر سردار سلیم شیر زمان ، ملک شفقات ، ناصر علی ، زبیر ملک ، ملک امجد ، حمزہ ، ملک آفتاب ، شیخ عثمان ، ایگزیکٹو ممبر سعد اللہ ، عامر فاروقی ، ندیم عالم ، خرم شہزاد ، محمد عمران چوہدری اور دیگر ممبران نے ملک ابرار احمد سے ملاقات کی اور گلدستہ پیش کیا ۔لیگی راہنما و ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا کہ پانی بحران جیسے چینلجز سے نمٹنے کے لئے جہاں ددوچھہ و چہان ڈیم کی تعمیر جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے وہیں راول ڈیم اور خان پور ڈیم میں پانی کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے کام کیا جارہاہے ۔
انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے پانی کو محفوظ بنانے کے ساتھ زیر زمین پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے بھی جدید طرز کے زیر زمین ٹینکوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی آخری مراحل میں ہے اور موسم گرما میں راولپنڈی کی عوام کوپینے کا صاف پانی جیسی بنیادی سہولت باآسانی دستیاب ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال موسم گرما شروع ہوتے ہی راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹس کے مکینوں کو پانی ذخیرہ کرنے کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرم موسم میں عوام کو پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مختص فنڈز کے اجرا کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ایم این اے نے کہا کہ بھاٹا چوک میں زیر زمین ٹینکوں کی تعمیر، جس میں 200,000 گیلن یومیہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے، اور گوالمنڈی، جس میں 100,000 گیلن یومیہ کی گنجائش ہے، تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصیر آباد، برف خانہ چوک، غازی آباد، افشاں کالونی، ٹینچ بھٹہ، ٹاہلی موہری اور چکلالہ چھاؤنی کے وارڈ 7، 8، 9 اور 10 میں منصوبے جاری ہیں، ہر ایک کو 50,000 گیلن روزانہ ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔