رمضان شوگر ملز ریفرنسں،عدالت نے وزیراعظم کی حاضری سے مستقل معافی کی درخواست منظور کرلی

55
صحافی شاکر اعوان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات منظرعام پر لانے کی درخواست پرفریقین سے جواب طلب

لاہور۔20جون (اے پی پی):لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنسں کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر، وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے مستقل حاضری معافی کی دائر درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کو پیشی سے مستقل استثنا دے دیا۔

احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج محمد ساجد علی اعوان نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔پیر کو سماعت پر وزیراعظم شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی جبکہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے بجٹ سیشن کی مصروفیات کی وجہ سے ایک روز کی حاضری سے استثناکی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دوران سماعت عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ میں نالے کی تعمیر مقامی ایم پی اے کی درخواست پر کی گئی، جس کے لیے صوبائی کابینہ کی منظوری بھی لی گئی تھی۔میں نے بطور وزیراعلی پنجاب ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ گنے کی قیمت مقرر کرتے ہوئے شوگر ملوں کے بجائے کاشت کار کے مفادات کو پیش نظر رکھا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب بھی عدالت نے طلب کیا، میں نے اپنی پیشی کو یقینی بنایا کیوں کہ یہ میرا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی ۔اب میرے کندھوں پر بڑی بھاری ذمہ داری ہے، قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے حاضری سے استثناکی درخواست دی ہے۔

وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جب بیرون ملک گئے تو حاضری سے استثنا کی درخواست دی۔ 23مارچ کووزیراعظم شہباز شریف واپس آئے اور عدالت میں پیش ہوئے۔ امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو عدالت میں پیشی پر حاضری سے مستقل استثنا دیا جائے۔نیب پراسیکیوٹر نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ درخواست پر میڈیکل گراونڈ لی گئی اور علاج کے لیے بیرون ملک گئے اب صرف اس بات پر درخواست دائر کی گئی ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم پاکستان ہیں ،عدالت وزیراعظم شہباز شریف کی استثنا کیلئے دائردرخواست مسترد کرے۔

عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی حاضری مکمل کی اور وزیراعظم کو جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے حاضری سے مستقل معافی کی درخواست منظور کر لی اور وزیراعظم شہباز شریف کو پیشی سے مستقل طور پر استثنا دے دیا۔عدالت نے بریت کی درخواست پر وکلا سے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔