کوئٹہ۔ 27 اگست (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی نگرانی پیشکان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف محکموں کے افسران ، کونسلران اور عوام نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں سب سے زیادہ شکایات سمندر میں غیر قانونی ٹرالنگ سے متعلق سامنے آئیں، عوام نے کہا کہ ٹرالنگ کے باعث چھوٹی مچھلیاں اور ان کی افزائش نسل بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ کئی قیمتی مچھلیوں کی اقسام سمندر سے ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی روزی روٹی سمندر سے وابستہ ہے اور غیر قانونی ٹرالنگ ان کے مستقبل کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے واضح کیا کہ ٹرالنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میری جدوجہد ٹرالنگ کے خلاف ہر فورم پر جاری ہے، حکومتِ بلوچستان نے متعلقہ اداروں اور محکمہ فشریز کو واضح احکامات دیے ہیں کہ اگر کوئی ٹرالنگ کے دوران پکڑا جائے تو اس کے جہاز کو فوراً ضبط کیا جائے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ اب بھی بعض کیسز نظر آ رہے ہیں لیکن ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
فشریز افسر نے بتایا کہ پیشکان کا پیٹرولنگ بوٹ طویل عرصے سے خراب پڑا ہے، جس کی وجہ سے ٹرالنگ کو مؤثر طریقے سے روکنا مشکل ہو رہا ہے۔ اس پر رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وہ اس مسئلے پر روزانہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے رابطے میں ہیں۔کھلی کچہری میں بجلی کے مسائل بھی تفصیل سے زیر بحث آئے۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے بتایا کہ گوادر کو اب نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، اس موقع پر انہوں نے ایکسین کیسکو حسین بخش پیچو کو ہدایت کی کہ پیشکان کے ٹرانسفارمرز، لائنوں اور کھمبوں کے مسائل کا فوری ڈیٹا تیار کر کے حل نکالا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔اسی طرح پانی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیشکان میں پانی کا بحران سنگین تھا، مگر نئی پائپ لائن کے ذریعے براہ راست فراہمی سے کافی بہتری آئی ہے تاہم خشک سالی کے باعث ڈیم خشک ہو چکے ہیں جس سے دوبارہ قلت پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیشکان کو "سنٹ سر” منصوبے کے ذریعے منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ نئے پی ایس ڈی پی میں ایک پمپنگ اسٹیشن کی منظوری بھی ہو چکی ہے، جس پر جلد کام شروع ہوگا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پیشکان میں منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، کیونکہ منشیات معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہیں۔