ساتویں پاکستان انٹرنیشنل آرمی ٹیم سپرٹ ایکسرسائز2024 ء کا انعقاد

ISPR
ISPR

راولپنڈی۔25فروری (اے پی پی):ساتویں پاکستان انٹرنیشنل آرمی ٹیم سپرٹ (پی اے ٹی ایس) ایکسرسائز2024 ء کا انعقاد نیشنل کائونٹر ٹیررازم سنٹر پبی میں اتوار کو ہوا ،جس میں 20 دوست ممالک کے ملٹری آبزرورز نے شرکت کی۔

اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے 60 گھنٹوں کی طویل پٹرولنگ مشق کا افتتاح کیا۔ اس مشق کا مقصد پیچیدہ عالمی سیکیورٹی ماحول میں فوجی تعاون بڑھانے کیلئے فوجی استعداد بڑھانا ہے۔ اس مشق میں پاکستان کے علاوہ بحرین، اردن، قزاقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان کلیدی شراکتدارجبکہ آذربائیجان، بیلاروس، چین، میانمر، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان اور اومان نے بطور ملٹری مبصر مشق کو دیکھا۔

پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ ایک مشن کے لیے مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے جو پاکستان میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی چستی/مضبوطی اور پیشہ ورانہ فوجی مہارت کے اعلی معیار پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ قریبی اور حقیقی ماحول میں چیلنجنوں سے نمٹنے کے لئے فوری فیصلہ کیا جا سکے۔اس مشق کے اغراض و مقاصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے ثابت قدمی کے گرد گھومتے ہیں۔ یہ مشق جدید خیالات اور باہمی بہترین طریقوں کے اشتراک کے ذریعے تعاون اور فوجی صلاحیتوںکو بہتر بنانے میں معاون ہوگی۔