سجادہ نشین مخدوم شاہ محمودقریشی کا حضرت شاہ رکن الدین عالم کے عرس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

266
APP28-12 MULTAN: January 12 - Foreign Minister and Sajjada Nasheen of Shrine of Hazrat Shah Rukne Alam Makhdoom Shah Mehmood Qureshi addressing the devotees during the first day of 705th Urs Celebrations of Hazrat Shah Rukne Alam. APP photo by Qasim Ghauri

ملتان ۔12 جنوری (اے پی پی) عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم کا705واں سہ روزہ عرس مبارک ہفتے کی صبح ملتان میں شروع ہوگیا، سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے روایتی طورپر مزار کو غسل دیکر عرس کی تقریبات کاافتتاح کیا۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے معاشرہ میں امن ، رواداری اور بھائی چارہ کے فروغ پر زور دیا اور شرکا سے کہا کہ وہ عظیم صوفی بزرگ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معاشرتی بھلائی کےلئے کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل کرکے معاشرے کوامن اورمحبت کاگہوارہ بنایاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی کے باوجود عرس کی تقریبات میں اتنے بہت سے عقیدت مندوں کی شرکت قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم ترقی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں حضرت شاہ رکن عالم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا اوران کے پیغام کوعام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حضرت شاہ رکن عالم کی عوام دوستی مثالی تھی۔ وہ لوگوں کے مسائل حل کرتے تھے اورانہیں مشکلات سے نکالتے تھے۔انہوں نے ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے دعا کی اور کہاکہ پاکستان کو اس وقت بہت سے اندرونی وبیرونی چیلنجز کاسامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت عوام کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہےں۔انہوں نے دعا کی کہ ملک خوشحالی ،معیشت کی بحالی ،سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کےلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کہاکہ میرا ایمان ہے کہ ان تقریبات میں وہی شرکت کرتے ہیں جنہیں بلایا جاتا ہے کیونکہ صوفیاءکرام نے انسانیت کی بے پناہ خدمت کی۔چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد صاحبزادہ سلطان احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تصوف کی بنیاد قرآن وسنت پررکھی گئی ہے۔صوفیاءکرام نے ہمیشہ انسانیت کی بھلائی کا درس دیا۔سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بزرگان دین کے مزارات پر حاضری دے کر لوگوں کو روحانی آسودگی ملتی ہے اور وہ اپنی روح کی تسکین کےلئے اور دکھوں سے نجات کے لئے ان مزارات پر حاضری دیتے ہیں۔ چیئرمین شعبہ اسلامیہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹرسلطان شاہ نے بھی حضرت شاہ رکن الدین عالم اور سلسلہ سہروردیہ کی دینی خدمات کو بھرپورخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صوفیاءکی تبلیغ کے حو الے سے ایک کتاب لکھی ہے اور اس میں بتایا ہے کہ وہ کس طرح لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچاتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کتاب جلد شائع ہونے والی ہے اور یہ عالمی سطح پر بزرگان دین کا پیغام پہنچائے گی۔دربارکوٹ مٹھن کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔دیگرمقررین میں جماعت اہلسنت کے سربراہ حافظ فاروق خان سعیدی، کنورسلطان، ڈاکٹرصدیق قادری و دیگر بھی شامل تھے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک عامرڈوگر، مخدومزادہ زین قریشی ،ایم پی اے حاجی جاوید اختر انصاری، ظہورحسین قریشی ودیگربھی اس موقع پرموجودتھے۔