سرگودھا میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لوک میلہ کا انعقاد

125

سرگودھا۔14دسمبر (اے پی پی):سرگودھا میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لوک میلہ 2023 کا انعقاد کیا گیاجس میں سرگودھا، خوشاب، بھکر و میانوالی کے علاوہ دیگر علاقوں سے لوگوں کی کثیر تعداد نےشرکت کی ۔ڈائریکٹر جنرل (پی ایچ اے) توقیر حیدر کاظمی نے کہا شرکا کی میلے میں دلچسپی نمایاں نظر آرہی ہے، لوک گلورکار ملکو سمیت دیگر کی شاندار پرفارمنس سےشرکا حقیقی معنوں میں لطف اندوز ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ڈی جی پی ایچ اے نے میلے کے انعقاد کے حوالہ سے خدمات سرانجام دینے والے آفیشلز میں انعامات و تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

انہوں نے کہا کہ اہلیان سرگودھا کو مثبت تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے حوالہ سے کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی کی سرپرستی اور کئی اداروں کے تعاون سے میلہ سٹریس اور زرعی آلات کی نمائش کے علاوہ روایتی پنجابی ڈیرہ کے ساتھ نئے رنگ لے کر طلوع ہوا، یہاں فیملیز کی انٹرٹینمنٹ کے لیے سہولیات فراہم کی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے میلے میں جدید جھولے نصب کئے گئے، فوڈ کورٹ قائم کیا گیا، پنجابی ڈیرہ پر روایتی کلچر کی عکاسی کے ساتھ دیسی کھانے اپنے الگ رنگوں کے ساتھ نمایاں ہیں، قبل ازیں انہوں نے ہینڈی کرافٹ اور میلہ میں شامل مختلف سٹالز پر فروخت کے لیے رکھی جانے والی اشیا کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔