اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) کے زیر اہتمام سعودی عرب کے لئے نرسز کے واک ان انٹرویوز کا عمل 27 جون سے شروع ہو گا۔ او ای سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نرسز کے انتخاب کے لئے واک ان انٹرویوز 27 اور 28 جون کو شالیمار ٹاور ہوٹل جیل روڈ لاہور، 2 اور 3 جولائی کو پرل کانٹی نینٹل (پی سی) ہوٹل راولپنڈی سمیت مختلف تاریخوں اور مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کو مختلف شعبوں میں نرسنگ سٹاف کی ضرورت ہے جن میں امراضِ قلب کی نگہداشت، ایمرجنسی، طبی نگہداشت، دایہ گیری، شعبۂ اطفال، نازک امراض کی نگہداشت، گردوں کی صفائی، نوزائیدہ کی نگہداشت، آنکولوجی، جراحی کی نگہداشت اور انتہائی نگہداشت شامل ہے۔ حتمی انتخاب کے لیے صرف اہل خواتین کو ہی مدعو کیا جائے گا جن کے پاس بیچلر آف سائنس ان نرسنگ بعنی بی ایس سی این (4 سالہ) یا (پوسٹ آر این) اور متعلقہ شعبے میں کم از کم دو سال کا تجربہ ہواور عمر 45 سے زیادہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کی طرف سے منتخب ملازمین کو رہائش ، ٹرانسپورٹ،سعودی لیبر قانون کے مطابق ایک سال کے بعد مفت واپسی کا ٹکٹ، ہر سال 21 دن کی تعطیلات تنخواہ کے ساتھ دی جائیں گی۔ دلچسپی رکھنے والی درخواست دہندگان ویب سائٹ https://oec.gov.pk/ کے ذریعے درخواست دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی مدد کے لئے او ای سی-ہیلپ ڈیسک 0311-0011-632 UANاور یا ای میل [email protected] پر رابطہ کریں۔