سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی معروف صحافیوں کو قومی سول ایوارڈ 2022 کے لئے نامزد ہونے پر مبارکباد

121

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صحافی برادری نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور معاشرے میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ میں میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے اظہار رائے کی آزادی کے فروغ اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے صحافتی برادری کے کردار کو سراہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر معروف صحافیوں کو قومی سول ایوارڈ 2022 کے لئے نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مجیب الرحمٰن شامی، الطاف حسن قریشی کو (ہلال پاکستان)، جاوید چوہدری کو ( ستارہ پاکستان) ندیم ملک، ٹکا خان اور حافظ طاہر خلیل کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کے لئے نامزد ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ سپیکر نے عارف احمد نظامی (مرحوم) کو (ہلال پاکستان)، ضیاء الدین (مرحوم) اور عطاء رحمان (مرحوم) کو (ستارہ پاکستان) اجے لالوانی (مرحوم) ارشاد مستوئی (مرحوم) موسیٰ خان خیل (مرحوم) عارف خان (مرحوم) ضیاء الرحمان فاروقی (مرحوم) شاہد زہری (مرحوم) کو (تغمہ پاکستان) کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اسپیکر نے کہا کہ قومی سول ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے صحافیوں نے صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں جن کے اعتراف میں انہیں قومی سول ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈ یافتہ صحافی صحافت کے میدان میں نئے آنے صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔