سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کی ملاقات

9

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعرات کو چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کشمیر کمیٹی کے وفد کی برطانیہ کے کامیاب پارلیمانی دورے کی رپورٹ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پیش کی۔چیئرمین رانا محمد قاسم نون کی قیادت میں اراکین کمیٹی نے برطانیہ کا دورہ کیا جس کا مقصد جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے پر بین الاقوامی توجہ مرکوز کرانا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو اجاگر کرنا تھا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ نہ صرف مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ اس کے پائیدار حل کے لیے پارلیمانی سطح پر موثر اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔ کمیٹی کی جانب سے سفارش کی گئی کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے تاریخی و قانونی موقف کو دنیا بھر میں موثر اور منظم انداز میں پیش کیا جائے تاکہ عالمی ضمیر کو بیدار کیا جا سکے۔سپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور حق خودارادیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کی پارلیمانی و سیاسی قیادت ہرممکن کوششیں جاری رکھے گی۔