اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے پاکستان کی جدوجہد آزادی کی ہیرو محترمہ صغری فاطمہ کی وفات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی میں دن رات ایک کرنے والوں میں مس فاطمہ صغری کا نام بھی سنہری حروف میں لکھا ہوا ہے، 14 سال کی عمر میں صغری فاطمہ نے سول سیکرٹریٹ لاہور کے دفتر پر یونین جیک کا جھنڈا اُتار کر مسلم لیگ کا جھنڈا لہرایا تھا، حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعزاز میں انہیں سونے کا تمغہ دیا تھا ۔ محترمہ صغری فاطمہ نے پاکستان کی خواتین کےلئے ایک رول ماڈل کا کردار ادا کیا، وہ ایک نڈراور باصلاحیت خاتون تھیں، ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے، وہ پُر نہیں ہو سکتا۔ محترمہ صغری فاطمہ 80 سال کے عمر میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملی۔ قائد ایوان سینٹ نے محترمہ صغری فاطمہ کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71017