اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہےکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بہادری سے اپنے والد کے جمہوری مشن کو آگے بڑھایا، شہید محترمہ کو پاکستان اور مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا ۔
جمعہ کو اپنے بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ نے آمریت کا بہادری سے مقابلہ کیا، پاکستان میں جمہوریت کے لئے شہید محترمہ کی جدوجہد کی مثال کہیں نہیں ملتی، وہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور جمہوری پسند ملک بنانا چاہتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے خواتین کو بااختیار بنانے کی کے لئے انتھک محنت کی، ان کا خواب تھا کہ پاکستان میں تعلیم، روزگار اور صحت کا بہترین نظام ہو، بے شمار رکاوٹوں کے باوجود وہ کسی کے آگے جھکی نہیں، ان کی جدوجہد نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جمہوریت اور پاکستان کے لیے شہید محترمہ کی قربانیاں بےمثال ہیں، آج نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ایک عظیم لیڈر مانتی ہے، اپنی جلاوطنی کے دور میں ان کا خواب تھا کہ پاکستان کی ضرورت مند عوام کے لئے کوئی بہترین پلیٹ فارم بنایا جائے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انہی کے خواب کی تعبیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج (ہفتہ کو) شہید محترمہ کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر بی آئی ایس پی کے تحت بینظیر ہنر مند پروگرام پیش کیا جائے گا، ’’بینظیر ہنر مند پروگرام‘‘ کا افتتاح خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کریں گے،پاکستان پیپلز پارٹی کا مشن روٹی، کپڑا اور مکان آگے بڑھے گا، شہید محترمہ کا خواب ایک خوشحال پاکستان جلد پورا ہوگا۔