اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے امریکہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کے لئے چیمبر کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام چیمبرز آف کامرس، تجارتی اداروں اور برآمد کنندگان پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ اور عالمی تجارتی ماحولیاتی نظام میں ملک کے جائز مقام کی وکالت کے لئے متحد ہو جائیں۔
جمعہ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے بین الاقوامی تجارت کی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی نوعیت کو اجاگر کیا اور خبردار کیا کہ عالمی اقتصادی طاقتوں کی طرف سے تجارتی پالیسیوں میں اچانک تبدیلیاں چھوٹی قوموں کے اقتصادی استحکام کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ یہ دیکھتے ہوئے کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، یہ ضروری ہے کہ اس معاملے کو انتہائی احتیاط، تدبر اور تزویراتی دور اندیشی کے ساتھ اٹھایا جائے۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے امریکی ٹیرف کے اثرات کا جائزہ لینے اور ایک موثر قومی ردعمل وضع کرنے کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی تشکیل میں وزیراعظم شہباز شریف کی بروقت اور فعال قیادت کو سراہا،یہ اقدام بروقت اور قابل ستائش ہے کیونکہ ہمارے قومی اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لئے ایک مربوط نقطہ نظر ضروری ہے۔انہوں نے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے تمام تعمیری اقدامات کی حمایت کے لئے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی تاجر برادری سے اس اہم چیلنج سے نمٹنے کے لئے یکجہتی پر زور دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580785