صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مختلف ممالک کے نامزد سفرائ کی ملاقا تیں ،اسناد سفارت پیش کیں

211

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری ، دفاع اور ثقافتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، عالمی برادری بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مختلف ممالک کے سفرا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کو کوریا ، نیپال ، بیلاروس کے رہائشی اور آئرلینڈ ، کوسوو ، مالی اور سیرالیون کے غیر رہائشی نامزدسفراءنے اسناد سفارت پیش کیں۔ سفراء نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سفراء کو مبارکباددی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی کہ نامزدسفراء پاکستان کے ساتھ تجارتی وثقافتی تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری ، دفاع اور ثقافتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان کی کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں زبردست بہتری آئی ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کو ہر جہت میں مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے، پاکستان ’’انگیج افریقہ‘‘ پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں افریقی ممالک کو تکنیکی معاونت دینے کیلئے تیار ہے ۔ صدر مملکت نے سفرا کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔