اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل کو بغیر دستخط واپس کر دیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل75 کی شق (1) (b) کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2022 کو بغیر دستخط کے واپس کر دیا ہے۔ انہوں نے بل کو یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ اس سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہو گی۔
اتوار کو ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجہ میں انتخابی عمل میں دو بار تاخیر ہوئی، جو جمہوریت کے لئے مثبت نہیں ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے مندرجہ ذیل غلط اقدامات کی وجہ سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں انتخابات نہیں ہو سکے۔ الف:50 یونین کونسلوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 31 جولائی 2022 کو آئی سی ٹی میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا فیصلہ کیا۔
پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود، وفاقی حکومت نے یونین کونسلوں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 101 کر دی، جس کے نتیجہ میں انتخابات التوا کا شکار ہوئے۔ ب: 101 یونین کونسلوں کی حد بندی کے بعد، ای سی پی نے 31 دسمبر 2022 ء کو آئی سی ٹی میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔ موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلز کا ذکر کرتا ہے۔
اس لئے31 دسمبر 2022 ء کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کر دیئےگئے ہیں۔ ج: ایوان صدر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ بل کے سیکشن 3 کے مطابق، انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔