پاکستان اور بھارت کا سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا

Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):پاکستان اور بھارت نے اتوار کو سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔حکومت پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ساتھ پاکستان میں زیر حراست 705 بھارتی قیدیوں کی فہرست شیئر کی جس میں 51 سوئلین اور 654 ماہی گیر شامل ہیں۔بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے ساتھ بھارت میں 434 پاکستانی قیدیوں کی فہرست بھی شیئر کی ، جن میں 339 سوئلین قیدی اور 95 ماہی گیر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان نے اپنے 51 سویلین قیدیوں اور 94 ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کی درخواست کی ہے، جنہوں نے اپنی متعلقہ سزا پوری کر لی ہے اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مزید برآں 1965 اور 1971 کی جنگوں میں لاپتہ ہونے والے دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے اور 56 سول قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔