حیدرآباد،پاکستان پیپلز پارٹی میر حسن مری کی جانب سے 100 مستحق خاندانوں میں سولر سسٹم تقسیم

پاکستان پیپلز پارٹی میر حسن مری کی جانب سےپہلے مرحلے میں علاقے کے 100 سے زائد مستحق خاندانوں میں سولر سسٹم اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔

حیدرآباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی میر حسن مری کی جانب سےپہلے مرحلے میں علاقے کے 100 سے زائد مستحق خاندانوں میں سولر سسٹم اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔

اس سلسلے میں یو سی چیئرمین رئیس عقیل احمد مری کی میزبانی میں گائوں میر حسن مری میں منعقدہ تقریب میں وائس چیئرمین مختیار علی جمالی، ضلعی کونسل ممبر رئیس شکیل احمد مری، کونسلرز عبدالکریم مری اور عمران بروہی، رئیس علی مردان جمالی، رئیس سکندر علی مری، رئیس اکبر علی مری، سکندر علی راجڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یو سی چیئرمین رئیس عقیل احمد مری، رئیس شکیل احمد مری اور دیگر نے کہا کہ علاقے کے مستحق خاندانوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 700 سولر سسٹم مرحلہ وار تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 100 سے زائد خاندانوں کو سولر سسٹم فراہم کیے گئے ہیں جبکہ باقی مستحق خاندانوں میں بھی جلد سولر سسٹم تقسیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوام بالخصوص غریب اور مستحق افراد کی خدمت اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔ سولر سسٹم کی فراہمی کا مقصد مستحق خاندانوں کو بجلی کے مسائل کے حل میں سہولت فراہم کرتے ہوئے ان کے گھروں کو روشن کرنا ہے۔ دریں اثنا سولر سسٹم حاصل کرنے والے مستحق خاندانوں نے یو سی قیادت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔