حج 2027ء کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ کا عمل ’’پاک حج ایپ‘‘ اور حج پورٹل کے ذریعے جاری

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج 2027ء کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ کا عمل ’’پاک حج ایپ‘‘ اور حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے جبکہ اب تک 7 ہزار سے زائد عازمین کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج 2027ء کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ کا عمل ’’پاک حج ایپ‘‘ اور حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے جبکہ اب تک 7 ہزار سے زائد عازمین کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔

ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت مجموعی طور پر 64 ہزار حج نشستیں تاحال دستیاب ہیں جبکہ بکنگ کی آخری تاریخ 20 نومبر 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ عازمین حج مقررہ تاریخ تک اپنی پسند کے حج پیکیج کا انتخاب کرکے بکنگ مکمل کر سکتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 25 منظم کمپنیوں نے عازمین کے لیے 2 ہزار سے زائد مختلف حج پیکیجز متعارف کرائے ہیں، جن میں مختلف دورانیوں اور سہولیات کے حامل پیکیجز شامل ہیں۔ حج پورٹل کے ذریعے اب تک 25 منظم کمپنیوں کو 6 ارب 88 کروڑ روپے کی رقم موصول ہو چکی ہے۔

ترجمان مذہبی امور نے عازمین حج کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج کی بکنگ اور واجبات کی ادائیگی صرف ’’پاک حج ایپ‘‘ اور سرکاری حج پورٹل کے ذریعے ہی کی جائے۔ عوام کسی فرد، ایجنٹ یا کمپنی کو پورٹل کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے حج واجبات جمع نہ کرائیں۔ترجمان نے کہا کہ عازمین حج کسی بھی فراڈ یا جعل سازی سے محفوظ رہنے کے لیے حج پیکیج اور ادائیگی کے تمام مراحل سرکاری نظام کے ذریعے مکمل کریں اور غیر مجاز افراد یا ذرائع کو رقم فراہم کرنے سے گریز کریں۔