راولپنڈی۔ 25 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر سلمان رفیق نے کہا ہے کہ راولپنڈی ضلع اپنے محلِ وقوع اور زیادہ نقل مکانی والی آبادی کی وجہ سے ڈینگی کے خدشات کی زد میں رہتا ہے، ضلعی انتظامیہ کی بہترین حکمتِ عملی اور محنت کے باعث یہاں کی صورتِ حال کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کے باقی دنوں میں مزید سخت محنت کی ضرورت ہے تاکہ ڈینگی کے پیک سیزن میں اس پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری، ملک ابرار، ممبران صوبائی اسمبلی، اسسٹنٹ کمشنرز، ہیلتھ حکام اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سجاد احمد نے اجلاس کو بریفنگ دی اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی پیش کی۔ اجلاس میں غیر حاضر اور کمزور کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو لکھنے کی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف کام کرنے والے یہ محض ڈیوٹی نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں جو جہاد سے کم نہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے عوامی تعاون سب سے زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں اور اردگرد کے علاقوں کو صاف رکھیں تاکہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور عوام کے باہمی تعاون سے ڈینگی کو شکست دی جائے گی۔