عمران خان کی چوری توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ میں پکڑی جا چکی ہےاب وہ صادق اور امین نہیں رہے ، طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

71

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی چوری توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ میں پکڑی جا چکی ہےاب وہ صادق اور امین نہیں رہے ، آئین کے آرٹیکل 63،62 پر پورا نہ اترنے والا کوئی امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کا اہل نہیں ہے، ریاست مدینہ کا ولی پورا توشہ خانہ کھا گیا مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے،عمران خان کے 9حلقوں سے انتخابات میں حصہ کو چیلنج کر دیا ہےاگر انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ملی تو اس کا مطلب ہو گا کہ پاکستان میں دو قانون ہیں ،شہباز گل پر تشدد کا بیانیہ بنا کر عمران خان عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، توشہ خانہ کی تمام دستاویزات پبلک کرنے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو عمران خان کا اصل چہرہ دکھایا جا سکے۔جنہوں نے ٹینکوں کے آگے لیٹنا تھا وہ راتوں رات ملک سے بھاگ گئے ہیں۔

بدھ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 9حلقوں سے انتخابات لڑنے اور کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں کیونکہ انتخابات میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار کیلئے صادق اور امین ہونا اور آئین کے آرٹیکل 63،62 پر پورا اترناضروری ہے،ایسا شخص جو پورا توشہ خانہ خالی کر گیا اور اسے اپنے اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا وہ کیسے انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے،اگر عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے تو اس کا مطلب ہوگا کہ پاکستان میں دو قانون ہیں ،ایک عمران خان جیسے لاڈلوں کیلئے اور دوسرا عام لوگوں کیلئے، ایسےہزاروں کیسز کی مثالیں دی جا سکتی ہیں کہ جب ایک مرلہ زمین یا 10ہزار روپے کا بینک اکاؤنٹ ظاہر نہ کرنے پر امیدواروں کو نااہل کر دیا گیا،یہاں تو الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں خود لکھا ہے کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے دوران پانچ بیان حلفی جعلی دیئے ہیں تو پھر ایک جعلساز کیسے صادق اور امین ہو سکتا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف کے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے نواز شریف کو اپنے بیٹے کی کمپنی سے واجب الاداء تنخواہ وصول نہ کرنے پر اثاثوں میں ڈیکلیئر نہ کرنے کی پاداش میں تا حیات ناایل کر دیا گیا جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین تو پورا توشہ خانہ خالی کر گئے اور اپنی مرضی کی قیمت جمع کرا کر تحائف کو مارکیٹ میں بیچ آئےاور انہیں اپنے سالانہ اثاثوں کے گوشوارے میں ظاہر ہی نہیں کیا، الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عمران خان کا ہی لگایا ہوا ہے، اگر عمران خان واقعی صادق اور امین ہیں تو عدالتی حکم امتناعی کیلئے کیوں بھاگتے پھر رہے ہیں اپنی تلاشی اور حساب کیوں نہیں دیتے،پی ٹی آئی کے وزیر داخلہ پنجاب نے شہباز گل پر تشدد کے عمران خان کے بیان کی تردید کر دی ہے اور کہا ہےکہ شہباز گل بالکل ہشاش بشاش ہیں اور ان پر کسی قسم کا تشدد نہیں ہوا ہے اور اگر واقعی تشدد ہوا ہے تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے کیونکہ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے زیر انتظام ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو دراصل یہ خطرہ ہے کہ جب شہباز گل طوطے کی طرح بولنا شروع کرے گا تو ان کے جھوٹ کا سارا پول کھل جائے گا لہذا اسی لئے شہباز گل پر تشدد کا بیانیہ بنا رہے ہیں تاکہ بعد میں کہا جاسکے کہ اسے تشدد کا نشانہ بنا کر زبردستی بیان لیا گیا ہے، عمران خان عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے،عدلیہ کیلئے بھی موقع ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرکے اپنے دامن پر لگے سیاہ دھبے کو دور کر لے،یہ کہتےتھے کہ ٹکر کے لوگ ملے ہیں مگر جب موقع آیا تو راتوں رات بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں۔