چینی وفد کا نیکٹا ہیڈ کوارٹر کا دورہ ، سی پیک پروجیکٹس کو سبوتاژ کرنے والے تمام مشترکہ دشمن عناصر سے مل کر نپٹنے کا عزم

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گائو فی کی قیادت میں ایک اعلی سطح کے وفد نے قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا ) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔

نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا رائے محمد طاہر نے وفد کو انسداد دہشت گردی وشدت پسندی کی روک تھام میں نیکٹا کی کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔نیشنل کوارڈینیٹر نے انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانےکی ضرورت پر زور دیا۔ معزز مہمان نے انسداد دہشت گردی و شدت پسندی میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ۔

ملاقات میں دونوں اطراف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی پیک پروجیکٹس کو سبوتاژ کرنے والے تمام مشترکہ دشمن عناصر کے خلاف مل کر نپٹا جائے گا ۔ ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیکٹا اور نیٹلوکو پُرتشدد عناصر کی سرکوبی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔