عمران خان کو ملک سے زیادہ اقتدار کی فکر ہے،افراتفری اور انتشار سے اقتدار ملے گا اور نہ اعتبار ملے گا، سید خورشید شاہ

58
سید خورشید شاہ متفقہ طور پر خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب
سید خورشید شاہ متفقہ طور پر خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک سے زیادہ اقتدار کی فکر ہے مگر افراتفری اور انتشار سے اقتدار ملے گا اور نہ اعتبار ملے گا، اسلامی اور امریکی ٹچ سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان عوام کے اجتماعی شعور کو کمتر سمجھتے ہیں۔

بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی سائفر کو جھوٹی داستان بنا کر پیش کرنے سے عمران خان کو اندرون ملک سیاسی فائدہ تو حاصل ہوا مگر بیرونِ ملک ہماری ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ملکوں کی برادری میں تحمل، رواداری اور سچائی سے عزت ملتی ہے اور جھوٹ اور فریب سے عزت پامال ہوتی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اسحاق ڈار وزارت خزانہ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جمہوریت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے اور ہمیں اسی راستے سے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی ائی کے ارکان پارلیمنٹ میں واپس آنے کیلئے تیار ہے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے اور میں نے بطور اپوزیشن لیڈر بھی پی ٹی ائی کو واپس ایوان میں لانے کیلئے کردار ادا کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر مشکل کا حل پارلیمنٹ سے ہی نکلتا ہے اور جو لوگ جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کا احترام کرتے ہیں وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رائے بدلتی رہتی ہے اور انتخابی سیاست جلسے جلوسوں کی سیاست سے مختلف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہونے والا پہلا ملک ہے اور موسمیاتی تبدیلی میں ہمارا حصہ ایک فیصدسے بھی کم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کو سندھ اور بلوچستان میں سیلابی نقصانات کا اندازہ نہیں ہے اور اگر وہ سندھ کے سیلابی علاقوں کا دورہ کرنا چاہیں تو ہم انہیں خوش آمدکہیں گے کیوں کہ انسانیت کیلئے کام میں رکاوٹ ڈالنا انسانیت کے منافی ہے۔