لاہور۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف جلد بجلی کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کا اعلان کریں گے ، پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کوٹ خواجہ سعید میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر لیگی رہنما شائستہ پرویز ملک سمیت مقامی رہنمائوں اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کے ویژن اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،عوام کی فلاح وبہود ہماری اولین ترجیح جس کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد پٹرول کی قیمت کو کم کیا، اب بجلی کی قیمتیں کم کر کے معیشت کو مزید مستحکم کریں گے، اس حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد بڑا اعلان کریں گے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جامعہ پروگرام پیش کریں گے ،اس ریلیف سے فیکٹریوں کی چمنیوں کو دوبارہ آباد کریں گے ۔
سولر انرجی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی انرجی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے ،نئے سولر کے کنیکشن کو گراس میٹر لگایا جائے گا، چار ہزار ارب کا بوجھ گرڈ پر ہے ،ہمیں ساتھ ساتھ اس گرڈ کو بھی سیف کرنا ہے جس پر عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں حکومت نے مثبت معاشی پالیسیوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اورآئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات بہترین انداز میں چلے ہیں،آئی ایم ایف نے حکومتی کی کاوشوں کو سراہا ہے,عوام کو ریلیف کی فراہمی ہماری قیادت کا ویژن ہے جس کے لیے حکومت دن رات کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کو ایک ڈسپنسری سے ہسپتال میں تبدیل کیا،یہ ہسپتال علاقے کی خدمت کررہا ہے،صوبائی سطح پر ہسپتالوں میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کوشاں ہیں ،پنجاب میں بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر سحر و افطار کے اوقات کار میں عوام کوسوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنا رہے ہیں تاکہ عوام کو دشواری نہ ہو ، حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ سے گزر رہا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف ملک کو معاشی قوت بنانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں، ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ ستر اسی سال والا پرانا راستہ طے کرنا ہے یا اصلاحات کا راستہ اختیار کرنا ہے،ہر سیاسی جماعت کو پاکستان کے لئے اپنی پسند نہ پسند سے الگ ہوکر اکٹھا ہونا پڑے گا۔
دہشت گردی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو کنٹرول کرنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی ضروری ہے ،ہماری پاک افواج پاکستان کی حفاظت کیلئے دن رات ایک کررہی ہے، سکیورٹی فورسز کے جوان ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس حوالے سے مل کر بیٹھیں اور ملک کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573261