قاہرہ۔7نومبر (اے پی پی):غزہ کے برادر عوام کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے انسانی ہمدردی امدادکی دوسری کھیپ
منگل کو مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچ گئی۔مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے جاری بیان کے مطابق پاکستان سے 89.6 ٹن انسانی ہمدردی اور طبی امداد کی دوسری کھیپ لے کر خصوصی طیارہ مصر پہنچا۔سینیٹر مشتاق احمد اور مصر میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے غزہ میں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو امداد کی فراہمی کے لیے مصری ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کی۔ سینیٹر مشتاق احمد اپنی ذاتی حیثیت میں غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مصر میں ہیں۔
اس سے قبل 19 اکتوبر کو پاکستان سے 81 ٹن انسانی اور طبی امداد لے کر ایک خصوصی طیارہ مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچاتھا۔پاکستان اخلاقی، سیاسی اور سفارتی طور پر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں درکار بنیادی ضروری امداد فراہم کرتا رہے گا۔