اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی سے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی نے وفد کے ہمراہ منگل کو یہاں ملاقات کی۔وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے حوالے سے مہارت اور علم کا تبادلہ پاکستان میں موجودہ اداروں کو اپ گریڈ کر سکتا ہے۔
وفاقی وزیر اور سفیر نے نیشنل سکلز یونیورسٹی میں ایک سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام پر اصولی طور پر اتفاق کیا جو فن لینڈ کی ٹورکو میونسپلٹی کی مدد سے کنسٹرکشن، آئی ٹی، ٹیچرز ٹریننگ اور انجینئرنگ اسٹڈیز کے علاوہ ہوٹل اور ریسٹورنٹ انڈسٹری پر توجہ دے گا۔اسی طرح فن لینڈ کی ٹورکو میونسپلٹی کے تعاون سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ میں ایک سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر رسمی تعلیم کے شعبے میں نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو)، اسلام آباد پاکستانی نوجوانوں کو تکنیکی مہارتیں فراہم کر رہی ہے جسے موجودہ اور بیرون ملک کام کرنے کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں کے لئے سکل لرننگ سینٹر کے طور پر بڑھایا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی نے وفاقی وزیر کو فن لینڈ اور پاکستان کی حکومت کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں بتایا اور بتایا کہ وہ پہلے ہی نیوٹیک اور نسٹ میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر رہے ہیں۔سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ فن لینڈ کی 2 یونیورسٹیاں پہلے ہی ان اداروں کو تکنیکی اور انسانی مہارت فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ تقریباً 500 افراد پہلے ہی زیر تربیت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فن لینڈ کی حکومت کی مدد سے نیوٹیک نے پہلے ہی ہوٹل اور ریسٹورنٹ مینجمنٹ کے دائر کردہ اپنے 1 سالہ ڈپلومہ کورس کو 3 سالہ کورس تک بڑھا دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=406975