فیسکو نے رمضان المبارک کے دوران صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آپریشنل تیاریاں مکمل کرلیں

115

فیصل آبا د۔ 10 مارچ (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)انتظامیہ نے رمضان المبارک کے ماہ مقدس اور گرمیوں میں صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریجن بھر میں آپریشنل تیاریاں مکمل کرلی ہیں اورمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے۔فیسکو ریجن کے تمام فیڈرز پر بالخصوص سحر، افطاراورتراویح کے اوقات میں بالعموم کوئی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔ رمضان المبارک میں صارفین کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارچیئرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان اور چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے کہا کہ ریجن بھرکے آٹھ اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب اور چنیوٹ میں ماہ صیام میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل کی مانیٹرنگ کیلئے سپیشل ڈیسک /کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24گھنٹے آپریشنل رہے گا جبکہ سپیشل کنٹرول روم میں سحر اور افطار کے وقت بجلی کی ترسیل کی مانیٹرنگ کیلئے مختلف افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ چھ سرکلز میں کسی بھی ہنگامی صورتحال، صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے پانچ چیف انجنئیرز ان سرکلز کے مانیٹر کے طور پر آپریشنل سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔انھوں نے کہا کہ تمام سٹورز اور سب ڈویژنوں میں ہر قسم کا میٹریل اور حفاظتی آلات موجود ہیں۔

انھوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ سستی اور کاہلی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چیئرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور نماز تراویح کے اوردیگر اوقات میں عام گھریلو صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی تاکہ صارفین ماہ مقدس میں اپنی عبادات خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کر سکیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ صارفین کی انفرادی شکایات کو بھی فی الفور حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیسکوسٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین سے انتہائی خوش خلقی کے ساتھ پیش آئیں اورخدمت کے جذبے کے تحت ان کے مسائل کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر ز کی ہدایت کی کہ وہ صبح اپنے دفاترمیں موجود رہیں تاکہ صارفین بجلی باآسانی ان سے ملاقات کر سکیں اور اپنے مسائل بیان کر سکیں۔انہوں نے ریجن بھر میں خراب بجلی میٹربھی فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات دیئے اور ارتھنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں ایس ای فرسٹ سرکل فیصل شفیع رانا، ایس ای سیکنڈ سرکل سید سلیم شاہ، ایس ای ٹو بہ ٹیک سنگھ سرکل مصباح الاسلام،ڈائریکٹر مٹیریل مینجمنٹ کاشف کلیم، کمپنی سیکرٹری عابد رشید، سٹاف آفیسر ٹو چئیرمین محمد طلحہ بھی موجود تھے جبکہ دیگر افسران نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔