فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں ڈومیسائل بنوانے کیلئے فیس جمع کرانے کا مینوئل چالان سسٹم ختم ، اب آن لائن ای ایپ پر ڈومیسائل فیس جمع ہو گی

285

فیصل آباد۔17جنوری (اے پی پی): فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں ڈومیسائل بنوانے کیلئے فیس جمع کرانے کا پرانا مینوئل چالان سسٹم ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب آن لائن ای ایپ پر ڈومیسائل فیس جمع ہو گی اور ڈومیسائل بنوانے کے خواہشمند افراد پنجاب انفار میشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ آن لائن بینکنگ ایپ کے ذریعے 200روپے فیس جمع کروائیں گے اور مینوئل سسٹم اب قابل قبول نہیں ہو گا۔

اس سلسلہ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ترجمان نے بتایاکہ یہ اقدام فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی خصوصی ہدائت پر شہریوں کی سہولت کیلئے اٹھایا گیا ہے جس کے تحت شہری ای پے پنجاب ڈومیسائل مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مقررہ فیس جمع کروائیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں صوبہ کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ اب ڈومیسائل کی فیس کی کلیکشن ای پے پنجاب آ ن لائن بینکنگ ایپ کے ذریعے ہو گی۔انہوں نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنرز سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ دیگر متعلقہ حکام کو بھی اس امر سے آگاہ کریں کہ اب مینوئل پے منٹ کے ذریعے ڈومیسائل فیس کی وصولی نہیں کی جائے گی۔