بھارت کے ساتھ مذاکرات 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی منسوخی کے بغیر ممکن نہیں، ترجمان وزیر اعظم آفس کی وضاحت

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے العربیہ ٹی وی چینل کو انٹرویو کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم نے تسلسل سے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے دوطرفہ مسائل بالخصوص جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاہم وزیر اعظم نے بارہا ریکارڈ پر کہا ہے کہ بات چیت تبھی ہوسکتی ہے جب تک بھارت 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدام کو واپس نہیں لے لیتا، اس غیر قانونی اقدام کو منسوخ کیے بغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں۔

وزیر اعظم آفس کی طرف سے منگل کو جاری وضاحتی بیان کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران العربیہ نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ موقف بالکل واضح کیا۔