قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کو تعبیر دلانا ہی ہماری منزل ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

68

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کو تعبیر دلانا ہی ہماری منزل ہے، اقتدار کی بھوک کو ختم نہیں کیا جا سکتا، سیاسی اختلافات ضرور رکھیں لیکن اتنا آگے نہیں بڑھنا چاہیے کہ بندگلی میں داخل ہو جائیں، مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے، پاکستان کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلانے تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کی خاطر معرض وجود میں آیا تھا ہم اس مقصد کو ابھی تک حاصل نہیں کر سکے، ہم ایک قوم ہیں لیکن میڈیا اتنی ترقی کر گیا ہے کہ اپوزیشن میڈیا میڈیا کھیل رہی ہے اور وہ ذمہ داری کا احساس نہیں کرتی اسلئے اختلافی باتیں زیادہ اجاگر ہوتی ہیں اور قومی معاملات پیچھے چلے جاتے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ لوگ کورونا کو مذاق سمجھتے ہیں، جب ہوتا ہے تو پھر اس بیماری کی نوعیت کا پتا چلتا ہے، میں بھی اس حالت سے گزر چکا ہے اور ہمیں بحیثیت قوم بن کر مہلک وبا کو شکست دینا ہو گی، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، اجتماعات میں جانے سے گریز کریں اور ماسک پہنیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بھی کورونا ویکسین لگائی ہے اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہر پاکستانی کو ویکسین لگانی چاہیے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بھی بہتری آ رہی ہے جو خوش آئند ہے لیکن مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ تعلقات مکمل طور پر بہتر نہیں ہو سکتے، جت تک تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوتا یہ سارے مذاکرات عارضی ہیں، پاکستان کشمیریوں کو ان کا آزادی کا حق دلانے کی کاوشوں کو سپورٹ کرتا رہے گا۔