قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کو جواب دینا پڑے گا، وزیراعظم کی قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی مذمت

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کو جواب دینا پڑے گا،عوام کے بعد سازشی اب اداروں میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے چور اب اداروں کو بدنام کرکے اپنے جرم کی سزا سے بچنا چاہتے ہیں ۔ عوام کے بعد سازشی اب اداروں میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ سفارتی سائفر میں ردوبدل کرکے قومی سلامتی سے کھیلا گیا، قانون کا سامنا تو کرنا ہوگا ۔

پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کو جواب دینا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ قانون سب کے لئے برابر ہے، مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالا تر ہونا کیسے ہوگیا؟ آپ کی آڈیو لیکس نے پاکستان کے مفادات کے خلاف سنگین سازش بے نقاب کر دی۔