ملتان۔10جون (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 276 رنز کا ہدف دے دیا، کپتان بابراعظم اور امام الحق نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں۔
جمعہ کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر کپتان بابراعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر ایک بار پھر سنچری پارٹنر شپ قائم کی کپتان بابر اعظم نے 77 اور امام الحق نے72رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
شاداب خان اور خوشدل شاہ نے 22,22 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نوجوان کرکٹر محمد حارث قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ محمد وسیم جونیئر 17 اور شاہین آفریدی 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے تین جبکہ جوزف اور فلپ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بائولر حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔