مسلم لیگ (ن) مہنگائی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرعزم ہے، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا لیہ میں جلسہ سے خطاب

58

لیہ۔13جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) مہنگائی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرعزم ہے، ہم پر عوام کی خدمت کا قرض ہے، کبھی مایوس نہیں کریں گے، 17 جولائی کو پنجاب کا مقابلہ پنجاب دشمن فتنہ خان سے ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت جلد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب کے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے مفت بجلی کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں چوک اعظم کے مقام پر عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے جلسہ کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیہ والو آپ کا قرض علاقے کی خدمت کر کے اتاریں گے، عوام کا جوش بتا رہاہے کہ 17 جولائی کو لیہ میں شیر دھاڑے گا، عوام کا جم غفیر بتا رہاہے کہ مسلم لیگ (ن) نے لیہ کا انتخابی معرکہ مار لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ سابقہ حکومت کی لائی ہوئی مہنگائی سے ہے، (ن) لیگ کا مقابلہ کرپشن، نااہلی، نالائقی اور بیروزگاری سے ہے، شیر کا مقابلہ فتنہ خان اور اس کے فساد و انتشار سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے پنجاب میں فلاحی منصوبے جبکہ فتنہ خان نے تباہی کے منصوبے لگائے، 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے جھوٹے دعوے کرنے والے نے پنجاب کو لوٹ مار کر کے کنگال کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لوٹ مار کے لئے فتنہ خان نے خواتین کو ٹاسک دیا ہوا تھا، فرح گوگی اور بشریٰ بی بی نے پنجاب کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس میں نواز شریف چائنہ سے پیسے لے کر آئے، ملک میں سڑکیں بنائیں، موٹر ویز بنائیں، ٹرانسپورٹ کے منصوبے بنائے اور بجلی کے کارخانے لگائے، نواز شریف نے سی پیک (چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور) بنایا جبکہ عمران خان نے جی پیک (گوگی، پنکی اکنامک کوریڈور) بنایا، جس میں پنجاب کی ترقی کا پیسہ گیا اور بنی گالہ منی گالہ بن گیا۔ انہوں نے کہاکہ آلو پیاز کے نرخ پتہ کرنے والی حکومت آئی تو فتنہ خان کو رونا آ گیا ہے، اب عوام کے رونے کے دن ختم اور فتنہ خان کے ماتم کے دن شروع ہو گئے ہیں، پنجاب میں تباہی مچانے والے فتنہ خان کو عوام بخوبی پہچان چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت جلد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب کے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے مفت بجلی کا اعلان کیا، فتنہ خان غریب عوام کو بجلی کی مفت سہولت سے محروم کرانے کے لئے عدالت چلا گیا، 17 جولائی کے بعد صوبے کے غریب عوام کو ہر صورت مفت بجلی فراہم کریں گے۔

انہوں نے جلسے کے شرکاء سے کہا کہ آپ لوگ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں، پاکستان اور پنجاب کی تقدیر بدلے گی اور ہم ملک میں خوشحالی لے کر آئیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ کے اپنے محل کو ریگولرائز کرایا، عمران خان کو غریبوں کی جھونپڑیاں گراتے ہوئے شرم نہیں آئی،

قبل ازیں مریم نواز کی جلسہ گاہ آمد پر کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، عوام کی بڑ ی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی، مریم نواز کی جلسہ گاہ آمد پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، عوام نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے لگا رہے تھے جبکہ مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی استقبال پر عوام کی مشکور ہوں۔