بھارت جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، ترجمان دفتر خارجہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان نے 91ویں یوم شہداء کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کو فوری طور پر روکے ، یہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پا کستان ان 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا جنہوں نے 1931 ڈوگرہ فورسز کا مقابلہ کرتے ہوئے لازوال قربانیاں دیں۔

پاکستان کی حکومت اور عوام آج 91 واں یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں۔کشمیری آج بھی بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی 9 لاکھ بھارتی قابض فوجی جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے کشمیریوں کو بدترین فوجی محاصرے میں یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔

بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام سے ان کی الگ شناخت چھیننے کی ایک اور کوشش تھی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے اب تک 640 سے زیادہ کشمیری ماورائے عدالت قتل ہوچکے ہیں۔2020 میں کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے بھارت نے یوم شہداء کشمیر پر علاقائی عام تعطیل کو ختم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو اپنے جائز حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دے۔

ہم عالمی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں۔