بلوچستان میں 17 دہشت گردوں کی ہلاکت، وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین
بلوچستان میں 17 دہشت گردوں کی ہلاکت، وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں کامیاب آپریشنز کے دوران 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور انتہائی مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب آپریشنز ہماری سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، بے مثال بہادری اور جرات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، وطنِ عزیز کے امن اور دفاع کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ وفاقی وزیرِ ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا امن، سلامتی اور استحکام ہماری اولین ترجیح ہے اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔







