یونیورسٹی آف سوات کا ادارہ جاتی بہتری کے لئے نیا روڈ میپ، بہتر انتظامی اموراور شفافیت پر توجہ
یونیورسٹی آف سوات کا ادارہ جاتی بہتری کے لئے نیا روڈ میپ، بہتر انتظامی اموراور شفافیت پر توجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سوات نے بہتر انتظامی امور، شفافیت، احتساب اور انتظامی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد یونیورسٹی کے انتظامی امور کو اس کے بنیادی تعلیمی مشن سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

اس نئے روڈ میپ کا خاکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین کی یونیورسٹی کے انتظامی افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر ارشد علی خان نے ادارہ جاتی بہتری کے لئے مشترکہ وژن پر تفصیلی بریفنگ دی جس کا مرکزی پیغام تھا: محنت کریں، دانشمندی سے کام کریں اور نتائج فراہم کریں۔بریفنگ کے مطابق اصلاحاتی ایجنڈے کی اہم ترجیحات میں سرکاری نظاموں کی ڈیجیٹلائزیشن، کارکردگی پر مبنی انتظامی امور، پیشہ وارانہ طرزِ عمل، مؤثر مالیاتی و انتظامی نظاموں کا قیام، مختلف شعبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور قواعد و ضوابط، قانونی طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد شامل ہیں۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ادارے کی ترقی کے لئے خدمت پر مبنی انتظامی ثقافت ناگزیر ہے۔ رجسٹرار کے مطابق اس ثقافت کی بنیاد دیانتداری، ٹیم ورک، میرٹ، باہمی احترام اور احتساب پر ہونی چاہئے جبکہ طلبہ کو ادارے کی تمام سرگرمیوں کا مرکز و محور بنایا جائے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے کہا کہ تعلیمی معیار اور ادارہ جاتی برتری کے حصول کے لئے مضبوط انتظامی ڈھانچہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے تمام انتظامی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ پیشہ وارانہ طرزِ عمل، شفافیت، طلبہ اور اساتذہ کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور زیر التوا امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کو یقینی بنائیں۔وائس چانسلر نے اجتماعی ٹیم ورک کے ذریعے انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور یونیورسٹی میں ذمہ دارانہ، شفاف اور نتیجہ خیز انتظامی نظام کے فروغ پر بھی زور دیا۔







