مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور اموات ناقابل قبول ہیں، فرانس

76
France
France

پیرس۔30اکتوبر (اے پی پی):فرانس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی یہودی آبادکاروں کے ہاتھوں اموات ناقابل قبول ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں گزشتہ چند دنوں میں ساویہ اور قصرہ میں فلسطینی شہریوں پر یہودی آباد کاروں کےحملوں کی مذمت کی ہے۔ ان واقعات میں متعدد فلسطینیوں کی اموات بھی ہوئی ہیں۔

فرانس کی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور انخلا کی بھی مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ بیان یہودی آباد کاروں کی طرف سے ساویہ اور قصرہ کے علاقوں میں فلسطینی مسلمانوں کے خلاف تازہ حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایک تازہ واقعہ میں یہودی آباد کاروں نے 40 سالہ فلسطینی کو اس وقت شہید کر دیا جب وہ اپنے زیتون کے باغ میں کام کر رہا تھا۔ اس سے قبل ایک واقعے میں یہودی آباد کاروں نے حملہ کر کے4 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔