ملتان صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، سرائیکی فنکاروں اور گلوکاروں نے سرائیکی ثقافت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

207
ملتان صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، سرائیکی فنکاروں اور گلوکاروں نے سرائیکی ثقافت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

ملتان۔6دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملتان صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، سرائیکی فنکاروں اور گلوکاروں نے سرائیکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا، پی ٹی وی ملتان سینٹر پچھلے 16 سال سے اس خطے کی خدمت میں مصروف عمل ہے، پی ٹی وی نیشنل ملتان کی نشریات سیٹلائٹ پر منتقل ہونے سے یہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ نشریات دنیا کے پچاس ممالک میں دیکھی جا سکیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن ملتان سینٹر کی 24 گھنٹے نشریات کی افتتاحی تقریب سے سرائیکی زبان میں خطاب، ریڈیو پاکستان ملتان سینٹر میں اپ گریڈ کئے گئے جدید ترین خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک کا افتتاح اور ادیبوں و شاعروں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ برصغیر میں سلسلہ سہروردیہ حضرت بہائوالدین ذکریا ملتانی کی وجہ سے شروع ہوا، اسی طرح برصغیر میں سلسلہ قادریہ اُچ شریف سے حضرت غوث بندگی نے شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ خطہ ملتان نے ہمیشہ سے ادب اور فن کی بہت خدمت کی ہے، اس خطے میں پورے برصغیر سے فنکار اور گلوکار آئے، عظیم گلوکار پٹھانے خان، ثریا ملتانیکر، استاد حسین بخش ڈھاڈھی، بدرو ملتانی، نصیر مستانہ، جمیل پروانہ، عاشق حسین، رمضان حسین، پروین نظر، زاہدہ پروین، منصور ملنگی، غلام عباس اور دیگر گلوکاروں نے موسیقی کی بہت خدمت کی اور سرائیکی خطے کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان سینٹر پچھلے 16 سال سے اس خطے کی خدمت کر رہا ہے،

یہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ پی ٹی وی ملتان کی نشریات سیٹلائٹ پر منتقل کی جائے جو آج پورا ہو گیا ہے، پی ٹی وی نیشنل ملتان کے نام سے نشریات دنیا کے 50 ممالک میں دیکھی جا سکے گی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ میرا اس خطے کے شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کے ساتھ گہرا تعلق رہا ہے، میں جب ڈی جی ریڈیو پاکستان تھا تو قومی نشریاتی رابطے پر سرائیکی خبروں کا بلیٹن شروع کروایا، اس وقت یوسف رضا گیلانی نے پہلا بلیٹن پڑھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان سے سیٹلائٹ نشریات کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، یہاں کے فنکار، ادیب اور شعراءکرام اب آسانی سے پوری دنیا میں اپنے فن کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان نے گزشتہ 16 سال کے دوران شعبہ خبر اور کرنٹ افیئرز کے پروگراموں کو بہترین طریقے سے کور کیا، امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے شاعروں احمد خان طارق، عاشق بزدار، اقبال سوکڑی، شاکر شجاع آبادی، رفعت عباس اور اشو لال کے علاوہ بہت سے شعراءکرام نے شہرت حاصل کی۔ پی ٹی وی نیشنل ملتان کے سیٹلائٹ پر آنے کے بعد شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کو زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ قبل ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ریڈیو پاکستان ملتان سینٹر میں جدید ترین خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک کا افتتاح کیا۔

نگران وفاقی وزیر جب ریڈیو پاکستان ملتان سینٹر پہنچے تو ڈی جی ریڈیو سعید احمد شیخ اور ریڈیو پاکستان کی ٹیم اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے جنوبی کوریا کے تعاون سے ریڈیو سینٹر ملتان میں اپ گریڈ کئے گئے جدید ترین خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک کا افتتاح کیا۔ ریڈیو پاکستان ملتان میں خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک میں جدید ترین ڈیجیٹل سٹوڈیوز بنائے گئے ہیں۔

اس موقع پر نگران وفاقی وزیر نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ادیبوں،شعراء، صحافیوں اور لوک فنکاروں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے پاس محدود وقت اور محدود اختیارات ہیں، ہمارے پاس بڑے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، محدود وقت میں بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ریڈیو پاکستان سمیت تمام کارپوریشنز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مطابق چلانا ہوتا ہے،کارپوریٹ گورننس کے حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے، قانون سازی کارپوریٹ گورننس کو بہتر بنانے کیلئے کی گئی ہے۔کارپوریٹ گورننس سے اداروں کی آزادی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ نگران وزیر اطلاعات و نشریات نے ریڈیو پاکستان ملتان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔