اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سینٹ میں پارلیمانی لیڈرسینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم نے معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کیا ،تمام اشاریے مثبت ہیں اور مستقبل میں بھی بہتری کی نشاندی کر رہے ہیں،موجودہ حالات ،آمدن اور ترسیلات زر کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کو بھر پور ریلف دینے کی کوشش کی گئی ہے، بجٹ میں غربت سے نیچے طبقہ کو ترجیح دی ہے اور نوجوانوں کی ترقی کے لیئے اقدامات اور منصوبے تجویز کیئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بجٹ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عرفان صدیقی نے کہا کہ کہا جا رہا تھا کہ معیشت کا برا حال ہے ملک دیولیہ ہونے جا رہا ہے لیکن وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم نے معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کیا تمام اشاریے مثبت ہیں اور مستقبل میں بھی بہتری کی نشاندی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی اور یہ تمام اقدامات معیشت کی بہتری کے اشارے دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک وفاقی بجٹ کی بات ہے بجٹ بنانا آسان نہیں ہوتا موجودہ حالات ،آمدن اور ترسیلات زر کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کو بھر پور ریلف دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار سرکاری ملازمین کا بجٹ میں خاص خیال رکھا اور 6سے 7فیصد اضافے کی تجویز تھی لیکن وزیر اعظم نے 10فیصد اضافہ دینے کا اعلان کیا اور ٹیکس میں بھی کمی کی گئی ہے جس کا امپیکٹ 15فیصد سے بھی زائد بنے گا ۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ جب پیش کیا جاتا ہے تو یہ محض تجویز ہوتی ہے جس پر ایوان زیریں اور ایوان بالا مین بحث ہوتی ہے جس کے نتیجہ میں حتمی منظوری تک مذید بہتری لائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ بل قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بھیج دیا ہے جس پر کل سے کاروائی کا آغاز ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی اور شرح نمو میں بہتری کے لیئے کوشش کو جا رہی ہے وقت کے ساتھ اہداف بدلتے رہتے ہیں حکومت نے بجٹ میں غربت سے نیچے طبقہ کو ترجیح دی ہے اور نوجوانوں کی ترقی کے لیئے اقدامات اور منصوبے تجویز کیئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دو بڑے نئے ہسپتال تعمیر کیئے جارہے ہیں جس سے صحت کے شعبوں میں بہتری آئے گی ،زراعت اور صحت کے شعبے صوبوں کے پاس ہیں ،صوبے اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان شعبوں کی بہتری کے لیئے اقدامات کریں ۔ارکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر اپوزیشن کی تنقید سے متعلق کیئے گئے سوال کے جواب میں سینٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن کو اگر کوئی اعتراض ہے تو سب سے پہلے اپنی تنخواہوں میں اضافہ واپس کر کے سپیکر قومی اسمبلی سے رجوع کریں پھر انکی آواز موثر ہو گی ۔