فیصل آباد ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):موسم سرماکی آمد کے باعث سموگ سے بچاؤ کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں اور چھوٹے بڑے صنعتی یونٹوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ماحول کو آلودہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹہ جات کے ساتھ ساتھ دھواں چھوڑنے والے صنعتی یونٹس اور گاڑیوں کے خلاف بھی بلاامتیاز ایکشن لیا جائے اور آئندہ ایام میں سموگ کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے کمربستہ ہوتے ہوئے ایسے اداروں کو بند وسربمہر کرنے سے بھی گریز نہ کیا جا ئے
کیونکہ سموگ جہاں انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے وہیں اس سے جانور اور مویشی بھی متاثر ہوتے ہیں لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جاسکتا ہے۔اس سلسلہ میں کمشنر فیصل آبادسلوت سعیدنے فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے انتظامی حکام اور محکمہ ماحولیات و دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ انسداد سموگ اقدامات میں تیزی لائی جائے اور اس ضمن میں ماحول کو آلودہ کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے تاکہ موسم سرما کی آمدسے قبل سموگ کے مسئلہ پر قابو پایا جاسکے۔
انہوں نے ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو انسدادسموگ اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بھی سموگ کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے آگاہی کا سلسلہ شروع کیا جائے نیزصاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کیلئے کوششوں میں کمی نہیں آنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات کو جلانے پر عائد پابندی پرہر حال میں سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے لہٰذا کسی قسم کی غفلت پر نہ صرف محکمانہ ایکشن بلکہ افسران جوابدہ بھی ہونگے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=510278