چشتیاں۔ 10 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقاراحمد نے کہا ہے کہ مصنوعی اور خودساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو زیروٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد اور مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء خوردونوش کی فروخت یقینی بنائیں اور پرائس کنٹرول میکانزم کی وہ ذاتی طور پرہر لمحہ مانیٹرنگ کررہے ہیں اور ہم نے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 9 دنوں کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 6466 دکانوں، ریڑھیوں، مارکیٹس اور دیگر تجارتی مراکز پر جاکر اشیائے خورد و نوش کے نرخ اور کوالٹی کو چیک کیا ۔ خلاف ورزی پر مجموعی طور پر8 لاکھ 82 ہزارروپے جرمانہ کیا 11 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئی جبکہ 65 افراد کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے
چنانچہ اسسٹنٹ کمشنرز اشیاء کی قیمتوں، طلب اور رسد کی کڑی نگرانی کریں اور ناجائز منافع خوری،گرانفروشی میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور ملاوٹ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔