نوجوان کھیل کے میدان میں پاکستان کانام روشن کررہے ہیں ، گورنر کے پی

نوجوان کھیل کے میدان میں پاکستان کانام روشن کررہے ہیں ، گورنر کے پی

156
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 15 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی اکثریت کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام سے مستفید کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر سے تعلق رکھنے والی اسکواش کھلاڑی نورینہ شمس کو زکوڑی گروپ کی جانب سے اسپانسر شپ کی فراہمی کی تقریب میں گفتگو کے دوران کیا ، تقریب میں زکوڑی گروپ کے سربراہ ایوب زکوڑی ، بلور گروپ کے ڈائریکٹر شیرباز بلور ، ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس قاسم خٹک، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حسام ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواش پلیئر نورینہ شمس کی سرپرستی خوش آئند ہے ،خیبرپختونخوا کے دیگر نوجوانوں کو بھی اسی طرح کی سرپرستی کی ضرورت ہے

،صوبائی حکومت کھیلوں پر توجہ نہیں دے رہی ہمارے نوجوان اپنی مدد آپ سے کھیل کے میدان میں پاکستان کانام روشن کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے گورنر ہاؤس کوشاں ہے صوبہ کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے بچانے کے لیئے تعلیمی ، تفریحی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے، گورنر ہاؤس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ علامہ اقبال اور خوشحال خان خٹک کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیئے اقلیتوں کے عالمی دن پر پہلی مرتبہ کانفرنس منعقد کی گئی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محکمہ جات کے لیئے سوشل ویلفیئر فنڈز کے پچاس فیصد استعمال کو صرف کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی بہبود پر خرچ کرنے کو یقینی بنائے اور اسکی نگرانی کی جائے ،

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے اداروں اور صاحب ثروت افراد کو خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے انہوں نے رانا مشہود اور گلمینہ بلال احمد کے مثبت کردار کو سراہا۔قبل ازیں چیئرپرسن نیوٹک گلمینہ بلال احمد نے کہا کہ آج کا یہ معاہدہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی سرپرستی میں بارش کا پہلا قطرہ ہے جس کے لئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کوشش لائق ستائش رہی ہےاس موقع پر زکوڑی گروپ اور دیر سے تعلق رکھنے والی اسکواش کھلاڑی نورینہ شمس نے اسپانسر شپ معاہدہ پر دستخط کئے ۔