اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیرداخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی اور انہیں وزیرداخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی بحیثیت وزیر داخلہ وتجارت تقرری پوری کاروباری برادری کیلئے باعث اعزاز ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، اسلام آباد 5 بلین ڈالر کی برآمدات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسلام آباد سے آئی ٹی، جواہرات اور پھولوں کی برآمدات کے مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے،اسلام آباد کی کاروباری برادری اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داریاں بھی نبھائے اور شہریوں کی فلاح وبہبود میں اپنا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں چیمبر مل کر نہ صرف برآمدات بڑھائیں بلکہ سماجی ترقی کیلئے بھی بھرپور کام کریں۔وفد نے وزیر داخلہ و تجارت کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔وفد نے وفاقی وزیرکو ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔