نیا سال امن، خوشحالی و ترقی کا سال ہوگا، اللّہ تعالیٰ وطن عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا پیغام

114

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آنے والا سال سب کے لیے خوشیوں بھرا ہوگا، نیا سال امن، خوشحالی و ترقی کا سال ہوگا، دعاگو ہوں کہ اللّہ تعالیٰ وطن عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے ۔ نئے سال کی آمد پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیرنے کہا کہ اللہ کرے اس سال وطن عزیز کے خلاف برسرپیکار داخلی و خارجی قوتوں کو عبرتناک شکست ہو ، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ ہمارے دل دھڑکتے ہیں ، دعا ہے کہ آمدہ سال مقبوضہ جموں و کشمیر میں جدوجہد آزادی کی تکمیل کا سال ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے ان گنت قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،

دعا گو ہیں کہ آمدہ سال مملکت خداداد پاکستان سے دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ کے لیے ختم ہو ،مسلح افواج کی انسداد دہشت گردی کے لیے قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ہماری دعاہے نئے سال میں مسلح افواج کو وطن دشمنوں پر مکمل غلبہ نصیب ہو ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے اس سال مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی ناجائز بھارتی قبضہ کے خلاف جدوجہد پایہ تکمیل کو پہنچے گی، نئے سال 2025ء کی آمد پر پاکستانی اور کشمیری عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ، اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ عوامی فلاح کے لیے موجودہ حکومت تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی ، موجودہ حکومت ماضی کی طرح اس سال بھی خطہ کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے تمام وسائل بروے کار لائے گی ۔