فیصل آباد۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پرتعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات میں انسداد ڈینگی مہم کے تحت آگاہی مہم جاری ہے۔محکمہ واسا کے شعبہ سٹیزن لائزن سیل سٹاف کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں کے دورے کئے گئے جہاں پر متعلقہ سکول کے طالب علموں اور طالبات میں انسداد ڈینگی مہم بارے لیکچر اور بعد میں اساتذہ اور طلبا و طالبات میں انسداد ڈینگی مہم بارے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کے خاتمے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی اورخصوصی مہم میں متعلقہ محکموں کے ساتھ ساتھ واسا فیصل آباد بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مین روڈز اور چوراہوں پر کسی قسم کا پانی جمع نہیں ہونے دیا جا رہا۔آپریشنز سٹاف پر مشتمل خصوصی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ واسا ہیڈ آفس سمیت دیگر تمام دفاتر میں انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے تمام افسران و سٹاف کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔