وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن کو31 دسمبر تک 2 لاکھ 42 ہزار 846 کالز موصول، 13 ہزار 141 افراد کی داد رسی کی گئی

125

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن کو31 دسمبر تک 2 لاکھ 42ہزار 846 کالز موصول ہوئیں۔ یہ کالیں متاثرین کی طرف مفت قانونی مشورہ کے حصول اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے سلسلہ میں کی گئیں۔ پیر کو انسانی حقوق کے ذرائع نے ”اے پی پی “ کو بتایاکہ 13 ہزار 141 افراد کی داد رسی کی گئی جن میں سے 1175 شکایت کنندگان کو مفت قانونی امداد دی گئی جبکہ 10ہزار 400 شکایات فون کالز کے ذریعے فوری طور پر متعلقہ محکموں کے حوالے کر دی گئی۔ اسی طرح 441 افراد کو بذریعہ خطوط قانونی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ 1125 افراد نے ای میلز ، فیکس، درخواستوں اور ذاتی طورپر وزارت میں آ کر اپنی شکایات درج کرائیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت انسانی حقوق کی جانب سے خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ و فراہمی اور ہیلپ لائن 1099 کے حوالے سے آگاہی مہم کے بعد سے ہیلپ لائن پر کالز کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔