وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیر اہتمام عظیم شاعر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر متعدد تقریبات کا انعقاد

366

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے عظیم شاعر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے متعدد تقریبات کا اہتمام کیا۔وفاقی وزیر برائےتعلیم اینڈ پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام ایک یادگاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پروفاقی وزیر نے عظیم فلسفی اور شاعر علامہ محمد اقبال کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم اور مسلسل محنت ہی زندگی کے اصل مقاصد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے نہ صرف پاکستان کا خواب دیکھا بلکہ پاکستان کو بننے کے بعد جن مسائل کا سامنا کرنا پڑا ان کو بھی اجاگر کیا۔ اس لیے علامہ اقبال کے اس پیغام پر عمل پیر ہونےکی اشد ضرورت ہے جس میں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں پر توجہ دی جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقبال کی زندگی سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے کیونکہ انہوں نے اپنے افکار اور شاعری سے ایسے وقت میں برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کی جب وہ اندھیروں میں ڈوبے ہوئے تھے ،اپنے بصیرت سے انہوں نے دنیا کو دکھایا کہ خواب کیسے حقیقت میں بدل جاتے ہیں۔

اس لیے ان کا شمار ان چند لوگوں میں ہوتا ہے جنہیں مشرق اور مغرب دونوں نے خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کے کام کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔انہوں نے طلباء، اساتذہ اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ علامہ اقبال کی شاعری پڑھیں اور ان کے گہرے فلسفے سے سیکھیں۔ آئیے سب مل کر اقبال کے وژن کی روشنی میں اپنے ملک کو خوشحال بنائیں اور پاکستان کو عالمی برادری کا ایک مضبوط رکن بنائیں۔وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے تمام وفاقی تعلیمی اداروں کو ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے سلسلے میں خصوصی تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔تمام محکموں بشمول ایچ ای سی، پی ای آئی آر اے،این سی ایچ ڈی،بی ای سی ایس،این ای ایف،ایف سی ای،قائد اعظم یونیورسٹی اورعلامہ اقبلال اوپن یونیورسٹی میں یوم اقبال کو پورے جوش و خروش سے منانے کے لیے خصوصی پروگرامز کا اہتمام کیا۔

یوم اقبال کی یاد میں متعدد تقاریب کا انعقاد کیا گیا جیسا کہ یوم اقبال دو لسانی مضمون نویسی کے مقابلے، عظیم ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی زندگی اور کام پر سیمینار، عظیم شاعر کی زندگی سے سیکھے گئے قائدانہ اسباق پر ورکشاپس، تقریری مقابلے۔ کوئز اور پوسٹر مقابلے وغیرہ شامل ہیں۔