وزیراعظم آزادکشمیر سے فلاحی ادارہ چراغ منزل کے چیئرمین اور صدر کی قیادت میں چھ رکنی وفد کی ملاقات

135
Prime Minister of Azad Kashmir

مظفر آباد/اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بے سہارہ خواتین و حضرات کیلئے 5 ارب کی لاگت سے انڈومنٹ فنڈ قائم کر رہے ہیں جس کے ذریعے ماہانہ بنیادوں پر انہیں 20ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے، انڈومنٹ فنڈ میں معذور افراد،یتیم،طلاق یافتہ خواتین اور بزرگ بے سہارہ خواتین و حضرات شامل ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں خصوصی افراد کے ادارے چراغ منزل کے چیئرمین سعید عباسی اور صدر اشرف عباسی کی قیادت میں چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں میجر(ر) محمود، رخسانہ میر، ملک اختر اور محسن اعوان بھی شامل تھے۔اس موقع پر وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ،ان کے بغیر معاشرہ نامکمل ہے،

خصوصی افراد کے بچوں کی تعلیم اورعلاج معالجے کی سہولیات میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،بے سہارا لوگوں کیلئے انڈومنٹ فنڈقائم کرنے کا مقصد حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست کے تصور کو عملی جامہ پہنانا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کا کوٹہ اڑھائی فیصد سے بڑھا کرپانچ فیصد کرنے کے احکامات جاری کر دئیے،

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے آزاد کشمیر کے ہر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں خصوصی افراد کیلئے پانچ بیڈ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی اور خصوصی افرادکیلئے ہر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں مفت علاج معالجہ اور ادویات مہیاکرنے کے احکامات بھی دئیے جبکہ وزیراعظم نے آزادکشمیر کے ایمز ہسپتال مظفرآباد میں خصوصی افراد کیلئے قائم ری ہیبیلیٹیشن سینٹر کو فعال کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ خصوصی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔