وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سگریٹ ساز ی کی صنعت میں خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب، پوائنٹ آف سیلز اور مجموعی طور پر ٹیکس کا حجم بڑھانے کے حوالہ سے جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے اور آئندہ دو ہفتوں میں ملک میں سگریٹ کے تمام کارخانوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سگریٹ سازی کی صنعت میں خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب، پوائنٹ آف سیلز اور مجموعی طور پر ٹیکس کا حجم بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کی روک تھام میں ایف بی آر کو ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے۔

انہوں نے ملک کے تمام بڑے شعبوں میں خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے اور ٹیکس محصولات بڑھانے کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ بارڈر کراسنگ پر اچھے شہرت کے افسران کی ٹینور پوسٹنگ کی جائے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ تمام شوگر ملوں پر خود کار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیونکر نہ لگایا جا سکا؟ ۔

وزیراعظم نے شوگر ملوں پر اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نہ لگنے کیلئے ذمہ داران کا تعین کرکے انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر اور ان کے کارندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، ملک و قوم کے پیسے کی چوری کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس اکٹھا کرنے کے حوالے سے قانونی و عدالتی کارروائی کو مزید تیز کیا جائے۔اجلاس میں سگریٹ کے کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں بیشتر فیکٹریوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ پر اس کی تنصیب کا عمل جاری ہے، آزار کشمیر میں موجود فیکٹریوں پر اس کی تنصیب کیلئے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

اجلاس کو ایف بی آر کی طرف سے غیر قانونی سگریٹ کی فروخت اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر 7 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو اپنے ٹیکس نیٹ میں لے کر آیا ہے اور رواں سال اپنے اہداف کو پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اجلاس کو شوگر ملز پر خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے بھی پیشرفت پر بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے تمام شوگر ملز میں اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ معیشت کے تمام برے سیکٹرز میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کیلئے بین الاقوامی شہرت یاقتہ اداروں کی خدمات لی جائیں۔ اس اقدام سے ملکی معیشت کی ڈاکومنٹیشن میں بہتری آئے گی اور ملکی آمدن میں اضافہ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے آئندہ دو ہفتوں میں ان اقدامات پر مثبت پیشرفت کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ خان، مخدوم مرتضیٰ محمود، اعظم نذیر تارڑ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق پاشا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی