وزیراعظم عمران خان کا کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

127
APP65-21 PUTRAJAYA: November 21 - Prime Minister Imran Khan addressing Pakistani community living in Malaysia. APP

کوالالمپور ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کسی کو این آر او دیں گے نہ چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر مک مکا کی اجازت دیں گے، اپوزیشن کو حکومت کے خاتمے کی بہت جلدی ہے، ان کو ڈر ہے جتنی دیر عمران خان حکومت میں ہو گا ان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجتی رہے گی، ہرسال پاکستان میں10ارب ڈالرکی منی لانڈرنگ کی جاتی ہے،حکومتی اقدامات کی بدولت منی لانڈرنگ کوانتہائی مشکل بنا دیں گے، حکومت برآمدات میں اضافہ ،سرمایہ کاری کے فروغ، ترسیلات زر کے عمل کو قانونی اورباضابطہ بنانے اورمنی لانڈرنگ کے خاتمے کے چارنکاتی پروگرام کے ذریعے معیشیت کو بہتر بنانے کی پالیسی پرگامزن ہے،پاکستان میں جتنا پیسہ آنے والا ہے اس کے نتیجے میں ہمیں کبھی بھی قرضوں اور امداد کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ ہم خود غریب ممالک کو قرضے اور امداد دیں گے، اگلے ہفتے حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے کیلئے ایک بڑے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا، سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت میں آسانیاں فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم آفس میں ایک دفتر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔بدھ کو ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افراد، اداروں اور قوموں کی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، اونچ نیچ اس لئے آتی ہے کیونکہ اللہ کی طرف سے یہ ایک پیغام ہوتا ہے کہ آپ غلطی کر رہے ہو اس کو ٹھیک کر دو، جو قو میں اپنی غلطیاں ٹھیک نہیں کرتیں اللہ انہیں برباد کر دیتا ہے لیکن جو قوم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اصلاح کے راستے پر چلتی ہے وہ مضبوط ہوتی ہے۔