
اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ 5 برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ سے رہائشی مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی، وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات دستیاب انسانی وسائل کے بھرپور استعمال کو یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ، سیکرٹری ہاﺅسنگ ڈاکٹر عمران زیب اور وزارت کے سینئر حکام نے بریفنگ میں شرکت کی۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ نے وزیراعظم کو وزارت اور اس سے ملحقہ محکموں اور اداروں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی)، سٹیٹ آفس، نیشنل ہاﺅسنگ اتھارٹی، پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن اور نیشنل کنسٹرکشن لمیٹڈ (این سی ایل) شامل ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں مختلف اداروں کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ غیر قانونی قابضین سے سرکاری رہائش گاہیں خالی کرانے کیلئے بھی کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔